موڈبدری 23؍مئی (ایس او نیوز)موڈ بدری یوتھ کانگریس لیڈرچندرا ہاس سانیل،سچن سالیان اور یشوع سانیل پر الزام ہے کہ انہوں نے گھر میں گھس کر ایک نوجوان کی بری طرح پیٹائی کی ہے، جس کے بعد اس نوجوان کو علاج کے لئے اسپتال میں داخل کرنا پڑا ہے۔
کہتے ہیں کہ یوتھ کانگریس لیڈر چندراہاس سانیل اوراس کے ساتھیو ں نے گلین واشیل ڈیسوزا کے گھر میں گھس کر اس کے پیٹ ، سینے اور نازک مقامات پر لات اورگھونسے برسائے جس کی وجہ سے گلین کو موڈ بدری سرکاری اسپتال میں ابتدائی علاج کے بعد منگلورو اسپتال میں مزید علاج کے لئے منتقل کیاگیا ہے حملہ کے بعدملزمین جس ماروتی کار میں فرار ہورہے تھے، اس کی فوٹیج عینی شاہدین نے اپنے موبائل کیمرے میں قید کرلی ہے۔ گلین کے بیان کے مطابق حملہ آوروں نے اس کے والد اور بہن کی موجودگی میں اس کو پیٹا ئی کی تھی۔
ویسے تو اس حملے کا سبب ابھی واضح طور پر سامنے نہیں آیا ہے ، لیکن گمان کیا جاتا ہے کہ گلین نے کانگریس کے خلاف فیس بک پر کوئی تبصرہ کیا تھا، جس کے ردعمل میں یہ حملہ کیا گیا ہے۔بی جے پی مائناریٹی مورچہ کے ذمہ داران نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے ملزمین کے خلاف فوری پولیس کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔